اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے جنیوا میں مزید پاکستان مخالف بینرز لگنے کے معاملے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے سینیٹ کے ’’پاک، سوئٹزرلینڈ دوستی گروپ‘‘ کو احتجاجاً معطل کر دیاجبکہ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سوئس سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کیا جائے ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے سینٹ کے اجلاس کے دوران جنیوا میں پاکستان مخالف مزیدبینرز لگنے کے معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر قانون زاہد حامد سے استفسار کیا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے سفیر کو طلب کر کے احتجاج رکارڈ کرانے کے باوجود مزید پاکستان مخالف بینرز لگنے کی اطلاعات ہیں۔ اقوام متحدہ کے منشور اور ڈکلیئریشن کے مطابق کوئی ملک اپنی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، نہ ہی کوئی ملک کسی دوسرے ملک کے داخلی اور خارجی معاملات میں مداخلت کرے گا۔زید حامد کا کہنا تھا کہ سوئس حکومت کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی جواب تک نہیں آیا، اس لیے دوستی گروپ کو سوئٹزرلینڈ کے کنوینر سے رابطہ کر کے معطل کرنے پر اتفاق ہوا ہے، ایوان اجازت دے تو گروپ کو معطل کردیا جائے۔چیئر مین سینٹ کی رائے کے بعد تمام ارکان نے بھی سوئس حکومت کی خاموشی اور بینرز لگنے کے معاملے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس معاملے پر کیوں خاموش ہے، جبکہ سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کا سفارتخانہ کیا کر رہا ہے۔ارکان سینیٹ نے سوئٹزرلینڈ کے سفیر کو بھی ملک سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔اجلاس کے اختتام پر چیئرمین سینٹرضا ربانی نے پاک۔ سوئٹزرلینڈ دوستی گروپ معطل کر دیا اور کہا کہ یہ گروپ ایوان کے آئندہ فیصلے تک معطل رہے گا۔
source..