پاکستان میں طبقاتی نظام روز اول سے ہی عام آدمی کے لے مسلسل استحصال کا باعث بنا رہا، برصغیر انگریز کے سامراج سے تو آزاد ہوگیا مگر یہ خطہ مغربی آقاؤں سے نجات کے بعد مقامی وڈیروں، آقاؤں اور تمن داروں کی لپیٹ میں ایسا آیا کہ عام آدمی کے لیے صرف آقاؤں کا صرف رنگ بدلا مگر ان کے اطوار اور طرز عمل گورے صاحب سے زیادہ کالے رہے،
72 سالوں سے پاکستانی عوام صرف اور صرف آسوں اور امیدوں پر ہی جیے جا رہی ہے،سیاست دانوں نے عوام الناس کو ایسے ایسے خواب دکھائے کہ بھولی عوام کو ہر نئے چہرے میں اپنا نجات دہندہ اور خیر خواہ نظر آیا، ملک پاکستان میں قدرت کے عطاء کردہ تمام بہترین وسائل موجود ہونے کے باوجود معاشی ترقی کی دگرگوں صورت حال کا تجزیہ یہ بتاتا ہے کہ ملک پاکستان پر برسر اقتدار رہنے والے حکمرانوں کی عدم دلچسپی نے ہمیں کس نہج پر لاکھڑا کیا ہے، لیکن اگر پورے پاکستان میں سب سے زیادہ نظر انداز کوئی علاقہ رہا ہے تو وہ جنوبی پنجاب ہے، دنیا چاند پر پہنچ گئی ہے لیکن جنوبی پنجاب کے لوگ بنیادی ضروریات زندگی سے بھی محروم ہیں، ہر دور حکومت میں جنوبی پنجاب کی ترقی صرف اور صرف نعروں تک ہی محدود رہی، پورے جنوبی پنجاب میں 4 میڈیکل کالج، 4 اعلیٰ تعلیم کی جامعات 4 ٹیچنگ ہسپتال موجود ہیں امراض دل کا واحد ہسپتال ملتان میں ہے، جس میں مریضوں کی تعداد میں روز بروز اس قدر اضافہ ہورہا ہے کہ، مریضوں کو آپریشن کے لیے چھ چھ ماہ تک کا ٹائم دیا جاتا ہے، اسی دوران کئ شدید بیمار مریض تو خالقِ حقیقی سے ملتے ہیں، یہ وہ چند سہولیات ہیں جو کہ جنوبی پنجاب میں بسنے والے لاکھوں لوگوں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہیں، جنوبی پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے مسائل ناگفتہ بہ ہیں، Hepatitis C ، پیٹ اور جلد کے امراض میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، ان تمام مسائل کے ساتھ سب سے بڑا اور بدترین مسئلہ شاہرات کی تشویشناک حالت زار ہے، ملتان، میانوالی روڈ تو مشہور ہی قاتل روڈ کے نام سے ہے، آئے روز کوئی نہ کوئی روڈ ایکسیڈنٹ ہونا معمول ہے، اب تک ہزاروں افراد ایم ایم روڈ کے حادثات کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن چکے ہیں، لوگوں کو یہاں موٹر وے نہیں چاہیے صرف سادہ ون وے روڈ کا مطالبہ ہے یہ لاکھوں قیمتی جانوں کا سوال ہے ، موجودہ حکومت نے اپنی انتخابی مہم میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا جس پر کوئی خاطرخواہ پیش رفت نہیں ہوسکی ہے، پاکستان تحریک انصاف نے جناب عثمان بزدار صاحب کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا تو یہاں کے باسیوں میں ایک امید کی کرن جاگی کہ شاید اب کی بار علاقے کی تقدیر بدل جائے، یہاں کے لوگوں کی سنی جائے، بنیادی سہولیات بہتر ہو پائیں، انفراسٹرکچر میں بہتری آئے مگر فی الحال بات دعووں سے آگے جاتی نظر نہیں آئی، بہت سے جنوبی پنجاب کے ضلعوں میں اہم انتظامی سیٹوں پر افسران تعینات ہی نہیں ہیں ایک ایک افسر کے پاس دو دو سیٹوں کا چارج ہے آئے روز افسران کے تبادلے ہونا ایک معمول بن چکا ہے، تبادلوں ایسی برق رفتاری تاریخ میں دیکھنے کو نہیں ملتی ہمارے پسماندہ علاقوں میں ویسے بھی افسران کا دل نہیں لگتا، جس سے یقینی طور پر عوام الناس کو ہی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، لیکن جنوبی پنجاب کے لوگ کیا کریں "کسے وکیل کریں، کس سے منصفی چاہیں” یہاں کے لوگوں نے تو ہر بار مسیحائی کی امید پر اپنے نمائندے منتخب کیے، کتنی عجیب بات ہے کہ یہاں کی عوام کے ووٹوں پر منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی صدر، وزیراعظم، سپیکر، سینیٹ، گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ تک کے عہدوں پر فائز رہنے کے باوجود اپنے علاقے کے لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے سے معذور ہوں تو پھر اس عوام کے دکھوں کا مداوہ کون کرے گا، کیا بلند ایوانوں کی چکاچوندھ میں آپ کو اپنے اہلیان علاقہ کی سسکیاں سنائی نہیں دیتی، ناامیدی کفر ہے لیکن پھر کچھ تو عملی اقدامات ہوتے نظر آئیں تو کچھ تو ازالہ ہو گا، جنوبی پنجاب کے غیور عوام حقیقتاً مسیحائی کے منتظر ہیں، ارباب اختیار سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور صاحبانِ اقتدار کو اس بار جنوبی پنجاب کی تمام تر محرومیوں کا مکمل ازالہ کرنا ہوگا، کیونکہ ہر 5 سال بعد انتخابی عمل تو ہونا ہی ہے، اور اب عوام بہت با شعور ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے حقوق کی بابت بھرپور سوال کرتی ہے، جتنا مؤثر عوامی فلاح کا کام کیا ہوا ہوگا عوام میں مقبولیت اسی حساب سے ہوگی، حکومت کو چاہیے کہ جنوبی پنجاب میں ہنگامی بنیادوں پر روڈ نیٹ ورک کی تعمیرات و مرمت کا کام شروع کیا جائے، جن اضلاع کے صحت کے مسائل گھمبیر ہیں وہاں پر ٹیچنگ لیول ہسپتالوں کی تعمیر کی جائے، اس خطے میں ملتان کے قریبی اضلاع میں کوئی زیادہ سیریس مریض آجائے تو اسے اکثر و بیشتر ملتان نشتر ریفر کردیا جاتا ہے کیونکہ اکثر ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنیادی دوائیوں کی عدم دستیابی کا شکار ہیں ، اس علاقے میں انڈسٹریل زون بنائے جائیں، یہاں کے نوجوانوں میں تعلیم کا رجحان بے تحاشا ہے، انکی تعلیمی تسشنگی کو پورا کرنے کے لیے اعلیٰ میعار کی یونیورسٹیوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے، نوکریوں کی مد میں جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لیے کوٹہ مخصوص کیا جائے اور سب سے بڑھ کر موجودہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنا کر اپنا اہم ترین وعدہ بھی پورا کرے ، یہ تمام اقدامات ناممکن نہیں ہیں، ان پر عملدرآمد کرکے نا صرف یہاں کے بسنے والوں کی تکالیف کا مداوہ بھی ہوگا بلکہ مجموعی قومی ترقی کے اہداف کا حصول بھی کافی حد تک ممکن ہو سکے گا،