اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ماضی میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے جنوبی پنجاب میں احساس محرومی بڑھتا رہا، حکومت جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام کے ذریعے ازالہ کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر خارجہ شاہ محمود سے ملتان سے تعلق رکھنے والے صوبائی و قومی اسمبلی اراکین نے خصوصی ملاقات کی۔
وفد میں چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، پارلیمانی سیکریٹری خزانہ، ابراہیم خان، رانا قاسم نون، احمد حسین ڈیہڑو اور صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک شامل تھے۔
ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ سے متعلق ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملتان کے ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم علاقائی و سیاسی امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملتان کے پارلیمینٹیرینز کے وفد نے صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نشتر ٹو منصوبے کے اجرا پر وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
شاہ محمود نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ پر کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے، سیکریٹریٹ کو بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
دریں اثنا، وزیر خارجہ نے اراکین اسمبلی کو جاری ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں ملتان میں آیندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے متعلق بھی مشاورت کی گئی، ملاقات میں مشاورتی سلسلے کو آیندہ بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، بعد ازاں وزیر خارجہ نے ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔