تہران: امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی میت مغربی ایران کے شہر احواز پہنچادی گئی۔
3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر امریکی راکٹ حملے میں ہلاک ہونے والے جنرل قاسم سلیمانی کی میت مغربی ایران کے شہر احواز پہنچادی گئی۔
دو روز قبل عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر امریکا کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ راکٹ حملے میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولرموبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈرابومہدی المہندس بھی ہلاک ہوئے تھے۔
گزشتہ روز عراق کے دارالحکومت بغداد میں قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ اداکی گئی تھی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی اس موقع پر جنازے میں شریک لوگوں نے امریکا مردہ باد کے نعرے بھی لگائے تھے۔ قاسم سلیمانی کو ان کے آبائی قصبے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جنرل قاسم سلیما نی کی ہلاکت پر پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ قاسم سلیمانی کوامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پرمستقبل میں ایران کی جانب سے حملوں کو روکنے کے لیے ہلاک کیا گیا ہے۔