ملتان (صبح پا کستان ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے مفادات افراد سے بالا تر ہیں۔ ملکی سالمیت اور خود مختیاری سب پر فوقیت رکھتی ہے جنرل درانی کی جی ایچ کیو میں 28 مئی کو طلبی کا فیصلہ بروقت اور درست فیصلہ ہے۔ ذمہ دار حضرات کو ذمہ داری سے کام لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو اہم ذمہ داری پر فائز ہوتے ہیں انہیں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی پاسداری لازمی کرنی چاہئے۔ کوڈ آف کنٹیکٹ مسلمہ امر ہے ۔ جنرل درانی سے یہ بھی پوچھنا ہوگا کہ انہوں نے کتاب لکھنے سے قبل اجازت طلب کی ۔وہ تمام لوگ چاہے ان کا تعلق کسی بھی ادارے سے ہوچاہے وہ آئینی ذمہ داری نبھا رہے ہیں یا کسی اعلیٰ عہدے پر فائز رہے ہوں۔ ملک کا قانون سب پر لاگو ہوتا ہے اور انہیں ملکی قانون کی پاسداری کرنی چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ رکن عالم میں پی ٹی آئی کے امیدوار برائے چیئرمین صادق فوجی کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پوری دنیا میں جو لوگ اہم ذمہ داری پر فائزہوتے ہیں یا اہم دستاویزات کے امین ہوتے ہیں ان کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے۔ پوری دنیا میں اہم دستاویزات کو کلاسی فلائی رکھا جاتا اور ان دستاویزات کو پبلک کرنے میں کئی سالوں کی مدت کا تعین کیا جاتا ہے۔ امریکہ میں کسی دستاویز کو پبلک کرنے میں 30 سال کی مدت کا تعین مقرر ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا یہ ایک حساس معاملہ ہے اس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور تحقیقات کی جائیں۔ تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی حاجی اختر انصاری ‘ رانا عبدالجبار ‘ پی ٹی آئی کے یونین کونسل چیئرمین‘وائس چیئرمین اور پی ٹی آئی ورکروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں ملتان کے حلقہ این اے 157 کی یونین کونسل 128 ٹاٹے پور میں مسلم لیگ ن کے ایک بہت بڑے دھڑے نے ملک غلام شبیر دھرالہ‘ سابق چیئرمین ملک اسلم دھرالہ ‘ ملک شہزاد ‘ اشفاق دھرالہ ‘ چیئرمین عشرہ وزکوة‘ محمد طاہر دھرالہ ‘ ملک فدا حسین ‘ ملک غلام مصطفی ‘ ملک اظہر نمبردار اور ملک مظہر دھرالہ نے اپنے ساتھیوںسمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مخدوم شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ پاکستان کی مقبول اور موثر ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے۔ آنے والا وقت تحریک انصاف کا ہے۔ عوام پی پی اور ن لیگ دونوں کو آزماءچکے ہیں ۔ ضرورت اس امر کی کہ عوام کو کرپٹ ٹولے اور کرپٹ نظام سے جان چھڑوائی جائے اور وہ صرف عمران خان ہی کرسکتے ہیں۔ مخدوم زادہ زین حسین قریشی ‘ ڈاکٹر اختر ملک اور دھرالہ برداری کی سرکردہ شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یوسی 15 میں فیاض بلوچ سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کی اور افسوس کا اظہار کیا۔ ٹاٹے پور میں مختلف افراد کی رہائش گاہوں پر گئے اورمرحومین کی وفات پر فاتحہ پڑھی۔ملتان میں سابق ٹاﺅن ناظم میاں جمیل کی رہائش گاہ پر گئے اور انہیں عمرہ پر جانے کی مبارکباد دی۔ مخدوم زادہ زین حسین قریشی ‘ خالد جاوید وڑائچ ‘ ڈاکٹر اختر ملک اور دیگر شخصیات ان کے ہمراہ تھیں۔
بشکریہ ۔ منصور حسن ہا شمی