اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ملک کے 26 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا، تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ کے ارکان، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور مسلح افواج کےسربراہان سمیت سپریم کورٹ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججز نے بھی شرکت کی۔
چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ کا پس منظر؛
چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ 21 دسمبر 1954 کو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 1975ء میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے انگلش لٹریچر کا امتحان پاس کیا اور برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی سے 1978میں ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ1979میں لاہور ہائیکورٹ اور 1985 میں سپریم کورٹ کے وکیل رجسٹرڈ ہوئے، انہوں نے آئینی، کریمینل، سول، سروس، ریونیو اور الیکشن قوانین سے متعلق ہزاروں مقدمات لڑے، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ قانون اور آئین کی تشریح پر مشتمل 7 کتابوں کے مصنف بھی ہیں، وہ 21 مئی 1998 کو لاہور ہائی کورٹ اور 18 فروری 2010 کوسپریم کورٹ کے جج بنے۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 55 ہزار سے زائد مقدمات نمٹائے، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ سارک ممالک کی قانونی تنظیم کے بانی رکن ہیں، 2015 سے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد کے انچارج جج اور سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن بھی ہیں، وہ20دسمبر 2019 تک چیف جسٹس آف پاکستان کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔