بنوں (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ دہشت گردی انتہاپسندی سے جنم لیتی ہے ،دہشت گردی علامت ہے اصل بیماری انتہا پسندی ہے ،یہ بیماری آمروں کے دور میں پھیلی ،جب تک طالبان کو بچھڑا ہوا بھائی کہا جائے گا تب تک دہشت گردی کا مسئلہ حل نہیں ہو گا ۔ان کا کہنا ہے کہ جو شخص نیا پختونخواہ نہیں بنا سکے وہ نیا پاکستان کیا بنائیں گے ،عمران خان نیا پختونخوا کیا بناتے بلکہ پرانا بھی بیچ دیا ہے ،خان صاحب نے پختونخوں کے ساتھ جو کھیل کھیلا وہ اب نہیں چلے گا کیونکہ پختونخواہ جاگ چکے ہیں ،نوجوانوں کی آنکھوں دھوکے کی پٹی اتر چکی ہے ،اب پختونخواہ کے عوام خان صاحب سے بدلہ لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ جو ایک ہفتہ پہلے لوگوں کو چابی والا کھلونا کہہ رہا تھا آج اپنی کھوئی ہوئی چابی ڈھونڈ رہا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور عمران خان عوام کو دھوکا دے رہے ہیں لیکن اب یہ دونوں مزید ایسا نہیں کر سکتے ۔
بنوں میں جلسے کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسرے صوبوں میں جا کر کہتے ہیں کہ خیبر پختونخواہ میں تعلیم ،صحت اور امن و امان کا نظام بہتر ہو گیا اور صوبے سے کرپشن بھی ختم ہو گئی ،اگر جھوٹ کا عالمی میلہ لگا یا جائے تو سب سے بڑا تاج عمران خان کو ہی پہنا یا جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے کرپشن ختم کرنے کا دعویٰ کرنے والے کے وزیراعلیٰ پر ہی کرپشن کے سنگین الزامات ہیں ،سپریم کورٹ نے خان صاحب کی اے ٹی ایم مشین کو بھی نا اہل قرار دے دیا ،عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ایک بھی یونیورسٹی اور ہسپتال نہیں بنا یا ۔
source