تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خلاف اساتذہ کی احتجاجی ریلی
لیہ(رانا عبد الرب سے )تعلیمی اداروں کی نجکاری پر اساتذہ دو دھڑوں میں تقسیم،پنجاب ٹیچر یونین اساتذہ و معلمات کی فیملی پارک سے ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ تک احتجاجی ریلی،پنجاب ٹیچر یونین کی مرکزی قیادت کی شرکت۔26جنوری کو آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، احتجاجی دھرنا سے خطاب ،تفصیل کے مطابق گزشتہ روز پنجاب ٹیچر یونین کی کال پر فیملی پارک سے ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ تک تعلیمی نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کے باہر پنجاب ٹیچر یونین اساتذہ و معلمات احتجاجی دھرنا بھی دیا۔احتجاجی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے غلام محی الدین مرکزی صدر پنجاب ٹیچر یونین اساتذہ و معلمات نے کہا کہ حکومت نے تعلیمی اداروں کو پرائیویٹ کرنے کی ٹھان رکھی ہے مگر اساتذہ اپنے حقوق لینا جانتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب گورنمنٹ تعلیمی اداروں کو پرائیویٹ نہ کرے ورنہ احتجاج کا دائرہ کار بڑھاکرراؤنڈ تک لے جائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ آج کا یہ تاریخ ساز احتجاج اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے تعلیمی نجکاری کے نام پر جو ظلم کیا جا رہا ہے اس کے خلاف اساتذہ متحد ہیں اور آج ڈسٹرکٹ پریس کلب کے باہر پر امن احتجاج کرکے یہ بتانا چاہتے ہیں کہ اساتذہ پر حکومت پنجاب ظلم بند کرے ورنہ ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں۔اس موقع پر غلام محمد خان سر پرست اعلیٰ پنجاب ٹیچر یونین ،ملک بشیر حسین کنویرا ضلعی صدر پنجاب ٹیچر یونین لیہ و دیگر نے خطاب کیا ۔واضح رہے کہ پنجاب ٹیچر یونین کے ایک گروپ نے اساتذہ کو احتجاج میں جانے سے روکا۔