لاہور ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہاہے کہ حکومت کی طرف سے نواز شریف سے ان کے خاندان کی ملاقات پر کوئی پابندی نہیں ہے ، مریم نواز اگر نواز شریف سے ملنا چاہتی ہیں تو کل آجائیں ، ان کی ملاقات ان کے والد سے کروادی جائیگی۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر“ میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی مراعات پر ناگواری کااظہار کرنا وزیراعظم عمران خان کاحق بنتاہے لیکن اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہیں کم ہیں۔ مریم نواز کی اس ٹوئٹ کے حوالے سے سوال پر جس میں ان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نواز شریف سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی تو ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے نواز شریف سے ان کے خاندان کی ملاقات پر کوئی پابندی نہیں ہے ، مریم نواز اگر نواز شریف سے ملنا چاہتی ہیں تو کل آجائیں ، ان کی ملاقات ان کے والد سے کروادی جائیگی، حکومت نواز شریف سے جیل کے قواعد و ضوابط سے آگے جاکر سلوک کررہی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سارا کچھ دباﺅ بڑھانے کیلئے ہے ، نواز شریف دباﺅ بڑھا کر سپریم کورٹ سے ضمانت لینا چاہتے ہیں، میں نے مریم نواز سے منسوب امریکی ناظم الامور کو لکھا جانیوالا خط شیئر نہیں کیا ، یہ خط ایک معتبر صحافی نے مجھ کو بھیجا تھا اور کہا تھا کہ یہ درست ہے لیکن یونہی مجھے پتہ چلا کہ اس کی تردید ہوگئی ہے تو میں نے مروجہ صحافتی قوانین کے تحت اس کوفوری طور پر ہٹا دیا ۔