لا ہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) لاہور ایک بار پھر دھرنوں کی زد میں آگیا، داتا دربار کے سامنے تحریک لبیک یارسول اللہ کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے۔مظاہرین نے مطالبات کی منظوری کے لئے حکومت کو ایک دن کی مہلت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک یارسول اللہ ایک بار پھر حکومت کے خلاف میدان میں آگئی۔ داتا دربار کے سامنے مطالبات کی منظوری کیلئے کل سے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے ہیں۔
مقررین نے الزام لگایا کہ حکومت نے فیض آباد دھرنے میں کیے گئے معاہدے کی پاسداری نہیں کی لہذا اب اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسلامی ملک کی حکومت نے معاہدہ توڑا۔ گرفتار مظاہرین کو رہا کیا نہ مقدمات ختم کیے اور نہ ہی راجا ظفر الحق رپورٹ شائع کی۔
تحریک لبیک یارسول اللہ کے قائدین نے معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں پورے ملک میں مظاہروں کی دھمکی دیدی۔