لاہور ۔ تحریک انصاف کے متعدد ممبران پنجاب اسمبلی نے اپنی ہی حکومت پر دباو بڑھانے کے لئے فارورڈ بلاک بنا لیا ہے ۔
نجی نیوز چینل کے مطابق تحریک انصاف کے مختلف حلقوں کے30 ارکان اسمبلی نے یہ گروپ بنا کر حلف اٹھایا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ رہیں گے اور مل کر اپنے مطالبات منوائیں گے۔ یہ فارورڈ گروپ جنوبی اور وسطی پنجاب کے ارکان کی جانب سے بنایا ہے۔ گروپ کے ارکان نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے اپنے حلقوں کے لیے فنڈز اور عوامی منصوبوں کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔
رکن پنجاب اسمبلی سردار شہاب نے تصدیق کی ہے کہ حلقوں کے مسائل کے حل کے لئے ہم نے گروپ بنایا ہے۔ ہم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات میں عوامی مسائل کے حل پر بات کی جبکہ یہ درست ہے کہ ہم نے اکٹھے رہنے کا حلف بھی اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے اور اسی پلیٹ فارم سے ہی آئندہ الیکشن میں حصہ لیں گے ۔