رائے ونڈ . تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبد الوہاب کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، لاکھو ں افراد نے نماز جنازہ میں شرکت کی ، نماز جنازہ تبلیغی جماعت کے بزرگ مولانا نذر الرحمن نے پڑھائی۔
تفصیلات کے مطابق تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبد الوہاب کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، حاجی عبد الوہاب کی نماز جناز ہ میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی ودیگر اہم شخصیات سمیت لاکھو ں افراد نے شرکت کی ،زندگی بھر اسلام کی دعوت دینے والے حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ پنڈال اجتماع گاہ سندر روڈ رائیونڈ میں ادا کی گئی ، حاجی عبد الوہاب کی نماز جنازہ تبلیغی جماعت کے بزرگ مولانا نذر الرحمن نے پڑھائی جو حاجی عبد الوہاب کے بعد تبلیغی جماعت میں سب سے نمایا ں مقام رکھتے ہیں۔
دوسری جانب ہزاروں افراد موٹر وے اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک میں پھنسنے کے باعث نماز جنازہ میں شرکت سے محروم رہ گئے ، نماز جنازہ میں شرکت کیلئے ملک کے دوردراز حصوں سے آنے والے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد اس موقع پر نماز جنازہ میں شرکت سے محروم رہ جانے پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے نظر آئی ۔
واضح رہے کہ حاجی عبد الوہاب گزشتہ ہفتے ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے اور ہسپتال میں دوران علاج اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔تبلیغ کے داعی حاجی عبدالوہاب کا پورا نام راﺅ محمد عبدالوہاب تھا اور 1923 میں دہلی میں پیدا ہوئے، تقسیم ہند کے بعد ٹوپیاں والا بورے والا ضلع وہاڑی منتقل ہوئے۔ انہوں نے تعلیم گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور سے حاصل کی اور بطور تحصیلدار فرائض بھی سرانجام دیے۔مولانا عبد الوہاب تبلیغی جماعت کے بانی محمد الیاس کاندھلوی کے زمانے سے ہی تبلیغی جماعت سے منسلک ہوئے اور وہ پاکستان کی تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جانے سے پیدا ہونے والا خلا آسانی سے پر نہیں ہوسکتا، بطور عالم دین ان کی شخصیت اور گراں قدر دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔