بھکر( صبح پا کستان )محکمہ بہبود آبادی کے ضلعی دفتر کے زیر اہتمام ایک آگاہی سیمینار بعنوان فیملی پلاننگ کی اہمیت اور کمیونٹی خواتین کا محکمہ کی آگاہی مہم میں کردار لیڈیزہیلتھ اینڈ فٹنس کلب بھکر میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خالدمسعود فروکہ مہمان خصوصی تھے ۔سیمینار میں ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد اکبر ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کی سینئر گائنا کالوجسٹ ڈاکٹر زاہدہ قیوم ،عالیہ کھچی ایڈووکیٹ ،سوشل ورکر مسرت یاسمین ،ڈی ایس پی پیٹرولنگ رفعت سلطانہ ،وائس پریزیڈنٹ لیڈیزہیلتھ اینڈ فٹنس کلب میڈم ودیعت ،میڈیا پرسن لیڈیز ہیلتھ اینڈ فٹنس کلب سمیرا شاہین ،ڈپٹی ڈی ای او صوفیہ نورین ،مینجر صنعت زار طاہرہ سعادت ،ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حبیب الرحمن ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسرمحمد رمضان اعوان دیگر مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی خواتین نے شرکت کی ۔سیمینار کے مہمان خصوصی اے ڈی سی جی خالدمسعود فروکہ ،ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حبیب الرحمن ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسرمحمد رمضان اعوان ،عالیہ کھچی ایڈووکیٹ ، ڈاکٹر زاہدہ قیوم اور مسرت یاسمین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کمیونٹی خواتین کا معاشرے کی تعمیرو ترقی میں اہم کردار ہے بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے پیدا ہونیوالے مسائل کو سمجھناہر محب وطن شہری کیلئے ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ آبادی اور وسائل میں توازن ملک کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے بے حد ضروری ہے بہتر تعلیم ،صحت ،رہائش ،تفریحی سہولیات اور قوم کا بہتر مستقبل صرف اسی صورت ممکن ہے جب وسائل میں اضافہ کی رفتار آبادی کی رفتار سے زیادہ ہوگی ۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ قومی ترقی و استحکام کیلئے حکومت کے بہبود آبادی پروگرام کی ترجیحات پر عملدرآمد میں محکمہ بہبود آبادی کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے تاکہ ملک میں سماجی ترقی کے مطلوبہ اہداف حاصل کرکے عوام کو بنیادی سہولیات کی بھرپور فراہمی یقینی بنائی جاسکے