لا ہور ۔) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارت کا جنگی جنون اور جارحانہ عزائم کشمیر کی آزادی اور خطے میں قیام امن کیلئے سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ خود ساختہ ڈرامے کو بنیاد بنا کر بھارتی حکومت کے جنگی جنون کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا دھجیاں اڑا رہا ہے۔ بھارت کا ہٹ دھرمی کا رویہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پر بھارتی الزام تراشی بلاجواز اور حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہے۔ معصوم کشمیری عوام پر بربریت کے ظلم ڈھانے والی بھارتی حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اورخطے میں امن کی خاطر بھارت کو جنگی جنون کو ہوا دینے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بھارتی جارحیت اور مہم جوئی کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ اور عظیم قربانیاں ہمارے پختہ عزم کا مظہر ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وطن عزیز کی عزت، وقار اور سلامتی کیلئے پوری قوم پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہماری مسلح افواج کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔