اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ بھارتی الزام تراشیاں اور جارحانہ رویہ خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے۔
سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی جانب سے پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفرا کو بریفنگ کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا، تہمینہ جنجوعہ نے تیسرے روز افریقی ممالک کے سفراء کو بریفنگ دی جس کا مقصد پلوامہ حملے کے بعد بھارتی پروپیگنڈے کا جواب اور حکومت پاکستان کا موقف پیش کرنا تھا۔
سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں جان بوجھ کر پاکستان مخالف جذبات کو ہوا دی جارہی ہے، بھارت پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے، پاکستان پر بغیر تحقیقات اور بنا شواہد الزام تراشیاں بھارت کا پرانا رویہ ہے، بھارتی الزام تراشیاں اور جارحانہ رویہ خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے۔
واضح رہے کہ سیکرٹری خارجہ اس سے قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل اورغیر مستقل ممالک کے سفراء کو بھی بریفنگ دے چکی ہیں۔