لاہور ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی وقت حاضرکی نا گزیر ضرورت ہے، اس کے بغیر نئے دور میں داخل ہونا ممکن نہیں ہے۔
ورلڈ کمپیوٹر لٹریسی ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کمپیوٹر کی تعلیم کا تناسب بڑھائے بغیر نوجوان نسل اپنے خواب پورے نہیں کر سکتی، موجودہ صدی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحیئر آمیز دور سے گزرکر مصنوعی ذہانت کے دور میں داخل ہو چکی ہے۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر بچے اور ہر بڑے کو کمپیوٹرکی تعلیم دینا پی ٹی آئی حکومت کا عزم ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کو ڈیجیٹلائزڈ کر کے عوام کو پٹوار کلچر سے نجات دلا رہے ہیں، نوجوانوں کے لئے ای لائبریریز کا دائرہ کار بتدریج پورے صوبے تک وسیع کریں گے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے نوجوان گھر بیٹھے لاکھوں ڈالر کما سکتے ہیں، ورلڈ کمپیوٹر لٹریسی ڈے پر پنجاب کے ہر شہری کو کمپیوٹر لٹریٹ بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔