چوک اعظم (صبح پا کستان )ٹی ایچ کیو ہسپتال چوبارہ میں پرچی کے حصول کے لیے نادرا شناختی کارڈ ساتھ لانا لازمی قرار ،پینا فلیکس آویزاں ۔تفصیل کیمطابق حکومت کی جانب سے عوامی خدمت کے لیے اُٹھائے جانے والے نت نئے اقدامات عام آدمی کے لیے وبالِ جان بنتے جا رہے ہیں ۔ضلع لیہ کی تحصیل چوبارہ جو کہ صحرائی علاقہ پر مشتمل ہے جہاں پر لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولت کے لیے آج بھی دور دراز پیدل یا اونٹوں پر سفر کرنا پڑتا ہے ۔اس تحصیل چوبارہ کے اکلوتے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں عوام کو صحت کی سہولیات کی فرا ہمی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے جہاں پر پرچی کے حصول کے لیے نادرا کا شناختی کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ہسپتال کے دروازے پر آویزاں پینا فلیکس پر لکھ کر لگا دیا گیاہے کہ ’’برائے مہربانی پرچی لینے کے لیے اپنا نادرا شناختی کارڈ ساتھ لائیں ‘‘شہریوں اختر عباس ۔نذر حسین ،دلبر مولائی ،نسیم اختر اور دیگرنے نمائندہ کو بتایا کہ اس شرط سے اگر کوئی شناختی کارڈ ساتھ نہیں لاسکتا اور اس کا گھر گھنٹوں کی مسافت پر ہے تو وہ بے چارہ پرچی اور دوائی سے محروم رہ جاتا ہے ۔انہوں نے نئے تعینات ہونے والے ایم ایس محمد رمضان آرائیں سے مذکورہ شرط ختم کرنے کا بھر پور مطالبہ کیا ہے ۔