وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی میں قومی خزانہ ذاتی عیاشیوں پر نہ اڑایا جاتا تو آج پاکستان کی یہ حالت نہ ہوتی، ہم قومی خزانے کی ایک، ایک پائی کے امین ہیں، کسی کو قومی خزانے میں خیانت کی اجازت نہیں دیں گے۔
ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ بابا گرو نانک یونیورسٹی وزیراعظم کے وعدوں کی تکمیل کی جانب ایک اور قدم ہے، یونیورسٹی سے ننکانہ صاحب اور گرد و نواح کے لاکھوں طلباء مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک یونیورسٹی 10 ایکڑ زمین پر تقریباً 6 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے شیخوپورہ اورننکانہ صاحب کا دورہ کیا جبکہ بھکھی میں 1180 میگاواٹ آر ایل این جی پاور پلانٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔
عثمان بزدار نے 19 ایکڑ پر محیط 39 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا اور نالہ ڈیک میں پانی کا بہاؤ بہتر بنانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، منصوبے پر تقریباً 38 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔