کراچی: بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کا 143 واں یوم پیدائش ملی یکجہتی اور جوش و جذبے سے منایا جارہاہے۔
بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام کیا گیاہے جب کہ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب جاری ہے۔ تقریب میں پی ایم اے کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستہ نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ پاک فضائیہ کا دستہ گارڈز کے فرائض سے سبکدوش ہوگا، گارڈ کے دستے میں خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔
قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو وزیر مینشن کراچی میں جناح پونجا کے گھر پیدا ہوئے، آپ اپنے 7 بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے، آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم کراچی اور ممبئی میں حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لئے لندن چلےگئے جہاں سے 1895 میں قانون کی ڈگری حاصل کی اور ساتھ ساتھ سیاست میں بھی گہری دلچسپی لینے لگے۔
قائد اعظم محمد علی جناح نے 1896 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور پھر 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہوئے اور 1916 کے لکھنئو کے اجلاس میں آل انڈیا مسلم لیگ کے صدر منتخب ہو گئے، محمد علی جناح نے ہندوستان کو برطانوی تسلط سے آزاد کرانے کے لئے کانگریس اور مسلم لیگ کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے 1929 میں نہرو رپورٹ کے جواب میں مشہور زمانہ 14 نکات پیش کئے جو کہ بعد میں قیام پاکستان کے لئے پیش خیمہ ثابت ہوئے۔ مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن کے لئے مسلسل جدو جہد کی وجہ سے آپ کی طبیعت 1940 سے خراب ہونا شروع ہو گئی اور 1947 میں پاکستان کو آزاد کرانے کے صرف ایک سال بعد 11 ستمبر 1948 کو دنیائے فانی سے کوچ کر گئے۔