لاہور: پنجاب حکومت نے اے ڈی خواجہ کو ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کا سربراہ مقرر کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے اے ڈی خواجہ کو ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کا نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے، اے ڈی خواجہ اس وقت بطور آئی جی موٹرویز خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سانحہ ماڈل ٹاؤن کی 5 رکنی نئی جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی کے نمائندے لیفٹیننٹ کرنل محمد عتیق الزمان، لیفٹیننٹ کرنل عرفان مراز نمائندہ ایم آئی اور محمد احمد کمال ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی شامل ہیں۔
سانحہ ماڈل ٹاون کی ایف آئی آر 28 اگست کو تھانہ فیصل ٹاون میں درج کی گئی اور ایف آئی آر میں دہشت گردی اور قتل سمیت دیگر دفعات لگائی گئی تھیں، جب کہ سانحے پر اس سے قبل بھی جے آئی ٹیز تشکیل دی جاچکی ہیں۔
واضح رہے کہ 5 دسمبر کو چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق خاتون کی بیٹی کی درخواست پر سماعت کی تھی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد حکم دیا تھا کہ پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن پر نئی جے آئی ٹی بنائے، اس کی فائنڈنگز کو سامنے لایا جائے اور ٹرائل کا حصہ بنایا جائے۔