سرگودھا: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 91 کے 20 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ ہونے والی پولنگ کے غیرحتمی نتائج میں تحریک انصاف نے (ن) لیگ کو مات دے دی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سرگودھا کے حلقہ این اے 91 میں غیرحتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے (ن) لیگ سے سیٹ چھین لی ہے اور عامر سلطان چیمہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے حلقے کے 20 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ ٹیمپر ہونے پر ان پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے حکم پر سرگودھا سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 91 کے 20 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ری پولنگ میں (ن) لیگ کے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی اور تحریک انصاف کے عامر سلطان چیمہ کے درمیان مقابلہ تھا۔
20 پولنگ اسٹیشنز پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 28 ہزار 718 ہے، جن میں 16 ہزار 439 مرد جب کہ 12 ہزار 279 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ مردوں کیلئے 3 خواتین کے لیے 2 جبکہ 15 مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، پولنگ کے دوران امن و امان کی صورت حال کو بہتر رکھنے کے لیے 700 پولیس اہلکاروں کے علاوہ رینجرز بھی تعینات کی گئی تھی۔
دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے عامر سلطان چیمہ کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اظہارخیال کیا ہے کہ شاہینوں کے شہر سرگودھا سے تحریک انصاف کے لئے ایک اور قومی نشست کا تحفہ وزیر اعظم کی قیادت پر قومی اعتماد کا مظہر ہے، عامر چیمہ اور تحریک انصاف کی قیادت کو بہت مبارک آج انور چیمہ کی روح بھی مطممن ہو گی کہ ان کے بیٹے کو ان کے حلقے سے نمائندگی کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔