اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ دن گزر گئے جب انتخابات کے نتائج چوری کئے جاتے تھے، اب نہ نتائج چوری ہونے دیں گے اور نہ آراو ز من مانی کرسکیں گے،ایسے لوگ ہمارا کیا مقابلہ کر سکتے ہیں جو مچھر سے ڈر جاتے ہیں؟۔
زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈروں کے 30نومبر پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی شاندار تاریخ ہے، جیسے پارٹی کی قیادت بہادر ہے ویسے کارکن دلیر ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسے لوگ ہمارا کیا مقابلہ کر سکتے ہیں جو مچھر سے ڈر جاتے ہیں، پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن نہ جیل سے ڈرے، نہ پھانسیوں سے گھبرائے اور نہ آمریت کے خلاف جھکے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ماضی میں ایک شخص جیل میں مچھر کے کاٹنے سے روتا تھا جبکہ آج ایک دوسرا شخص مچھر کے کاٹنے کے ڈر سے خیبر پختونخوا نہیں جاتا، ایسے بزدل ہمارا مقابلہ کیسے کریں گے؟ ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو کے فلسفہ اور مشن کے وارث ہیں،سابق صدر آصف علی زرداری نے 1973ء کے آئین کو بحال کرکے شہید محترمہ کے مشن کی تکمیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اب اور ضروری کام کرنے ہیں جس سے غریب خوشحال ہوں ، جہالت کا خاتمہ ہو، ہمیں ہر طرح کی شدت پسندی کو مٹانا ہے، ہم ایسے معاشرے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں خواتین کی عزت ہو، یہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان ہوگا۔ اس موقع پر پارٹی عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈروں نے 30نومبر کو یوم تاسیس شایان شان منانے کے لئے تجاویز دیں۔
source…
http://dailypakistan.com.pk/national/26-Oct-2017/666083