اسلام آباد ۔ ملکی سیکیورٹی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ گوجرانوالا میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جلسے کے حوالے سے اپوزیشن کے اجتماعات اور ریلیوں میں دہشت گردی کا خطرہ خارج از امکان نہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) لاہور کے رہنما خواجہ عمران نذیر کے نام خط میں پولیس سیکیورٹی برانچ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے اجتماعات میں دہشت گرد سیاسی قائدین کو نشانہ بناسکتے ہیں اور ماضی میں بھی مال روڈ پر دہشت گردی کا ایسا واقعہ پیش آچکا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ مال روڈ پر جلسے جلوسوں سے کاروبار بھی متاثر ہوتے ہیں اور ہائیکورٹ نے مال روڈ پر جلسے جلوسوں پر پابندی لگا رکھی ہے۔خط کے مطابق کورونا وبا بھی دوبارہ سراٹھارہی ہے اور اس سے اموات بھی ہورہی ہیں، اجتماعات سے کورونا بھی پھیل سکتا ہے۔پولیس سیکیورٹی برانچ کے خط میں کہا گیا ہے کہ لیگی کارکنوں کا ایک جگہ اکٹھا ہونا سیکیورٹی رسک ہے، تمام قائدین ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی حفاظت ہمارا اولین فرض ہے لہذا آپ اپنی قیادت کو موجودہ تھریٹ سے آگاہ کریں۔خط میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں کارکنوں کے اجتماعات منسوخ کردیں۔