لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں حکومت سازی کے حوالے سے نمبر گیم مکمل ہونے کا دعویٰ کیا ہے لیکن تحریک انصاف کی جانب سے ابھی تک قائد ایوان پنجاب کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم ایک اور آزاد رکن احمد علی اولکھ نے جہانگیر خان ترین سے ملاقات کے بعد پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو متوقع ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں حکومت سازی کے لئے نمبر گیم پورے کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور بظاہر مسلم لیگ ن کو بھی اس بات کا ادراک ہو چکا ہے کہ وہ دس سال کے لمبے عرصے بعد پنجاب کے اقتدار کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے ،اسی لئے حکومت سازی کے لئے ن لیگ کی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں ۔جہانگیر خان ترین کے جہاز کی اڈاریوں نے آزاد امیدواروں کو زیادہ دیر آزاد نہیں رہنے دیا اور تقریبا سارے ہی آزاد پنچھی تحریک انصاف کی منڈیر پر آ بیٹھے ہیں تاہم سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور احمد علی اولکھ نے آزاد حیثیت میں ہی پنجاب اسمبلی میں کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا تھا ،اب احمد علی اولکھ نے تحریک انصاف میں شمولیت تو اختیار نہیں کی تاہم انہوں نے جہانگیر خان ترین سے ملاقات کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے ۔