لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ کی مخالفت کر کے اپوزیشن دھاندلی کی حمایت کرے گی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا انتخابی اصلاحات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا جمہوریت کی نفی ہے، انتخابی اصلاحات قومی امنگوں کی ترجمانی اور جمہوریت کی جیت ہے، الیکٹرانک ووٹنگ کی مخالفت کر کے اپوزیشن دھاندلی کی حمایت کرے گی تاہم انتخابات کو دھاندلی سے پاک کرنے کا واحد آپشن الیکٹرانک ووٹنگ ہے۔
چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت، آئین اور پارلیمان کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں، ہم اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حامی ہیں لیکن اپوزیشن اس کی مخالف ہے، اورسیز پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، ان کو انتخابی عمل میں لازمی شریک کریں گے، حکومت ملک کے انتخابی عمل میں شفافیت یقینی بنانے کے حوالے سے پر عزم ہے
گورنر پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف نے آئندہ مالی سال کے لیے ایک اچھا بجٹ دیا ہے جب کہ پنجاب کا بجٹ بھی ہر لحاظ سے قومی امنگوں کے عین مطابق ہے۔