لاہور۔ صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کے معاملہ پر یوٹرن لے لیا، کہتے ہیں سکول کھلنے سے قبل تمام اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ صرف ایک تجویز تھی،حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس میں کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کے معاملہ پر یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ سکول کھلنے سےقبل تمام اساتذہ کا کوروناٹیسٹ صرف ایک تجویز تھی،ٹیسٹ کروانےکاحتمی فیصلہ7ستمبرکو بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس میں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں سکول کھلنے سے قبل تمام اساتذہ کیلئے کورونا رپورٹ جمع کروانا لازمی قرار دیا تھا، ہر ٹیچر کو اپنی مدد آپ کے تحت کورونا ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کی گئی تھی، جس پر پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت علی نے کہا تھا کہ اگر حکومت نے اساتذہ کے سرکاری خرچ پر ٹیسٹ نہ کروائے تو اساتذہ سکولوں میں داخل نہیں ہوں گے بلکہ گیٹ پر ہی دھرنا دیں گے، صوبائی وزیر تعلیم زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات کریں۔