لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاک فوج کے زیر حراست بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کردیا گیا ہے۔
بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پاکستان کی طرف سے دفتر خارجہ اور پاک فوج کے حکام نے واہگہ بارڈر پر بھارتی فوج کے اعلیٰ حکام کے حوالے کیا ۔ ابھی نندن کی حوالگی سے پہلے دونوں اطراف کے گیٹ بند رہے جس دوران ضابطے کی کاغذی کارروائی مکمل کی گئی۔ کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کیا گیا۔
خیال رہے کہ ابھی نندن کو 27 فروری کو آزاد کشمیر میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی فضائیہ کا یہ پائلٹ پاکستان کی حدود میں داخل ہوا تھا جسے پاک فضائیہ کے طیاروں نے شوٹ کردیا تھا۔ مگ 21 میں آنے والا یہ بھارتی پائلٹ پاکستان کی حدود میں گرا تو اسے مشتعل ہجوم نے پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ پاک فوج کے جوانوں نے آکر اس کی جان بچائی اور اسے لے کر اپنے یونٹ میں گئے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی ۔
28 فروری کو وزیر اعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔ ابھی نندن کی واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کو حوالگی سے پہلے اس کا ویڈیو پیغام بھی سامنے آیا جس میں اس نے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور بھارتی میڈیا کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔