اسلام آباد: ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کو دونوں افراد کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے بنچ نے جعلی بینک اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ سابق صدر اور ان کی بہن فریال تالپور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب پراسیکیوٹراورفاروق ایچ نائیک کے دلائل مکمل ہونے کے بعد آصف زرداری اور فریال تالپورکی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے اسے آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کرنے کی اجازت دے دی۔
آصف زرداری فیصلہ آنے سے قبل ہی عدالت سے روانہ ہوگئے تھے لیکن ان کی آج ہی گرفتاری کے امکانات موجود ہیں۔ آصف زرداری 28 مارچ سے عبوری ضمانت پر تھے اور دو ماہ بارہ دن کے اس عرصے میں ان کی عبوری ضمانت میں پانچ مرتبہ توسیع کی گئی۔