اسلام آباد: آصف علی زرداری اور ان کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری منی لانڈرنگ کیس میں نیب کے سامنے پیش ہوئے جہاں نیب نے ان سے ایک گھنٹہ سے زائد تفتیش کی جبکہ اس موقع پر پی پی پی کے مشتعل کارکنوں اور پولیس میں جھڑپ ہوئی جس کے بعد درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق سابق صدرآصف علی زرداری اوربلاول بھٹو نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہوئے۔ دونوں سیاسی رہنماؤں نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں نیب راولپنڈی کو اپنا بیان ریکارڈ کرایا اور نیب نے ان سے تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک تفتیش کی۔
اس موقع پر پی پی پی رہنما اورکارکن بڑی تعداد میں نیب دفترکے قریب پہنچے جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی کی۔ نیب دفتر کے باہرپولیس اورپیپلزپارٹی کے کارکنوں میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور کارکنوں کی بڑی تعداد پولیس کے تمام حصارتوڑتے ہوئے نیب دفترکے باہرپہنچے اور بہت سے افراد دفتر کے اندر بھی داخل ہوگئے۔
پی پی پی کارکنوں نے میڈیا نمائندوں سے شدید بدتمیزی کی اور صحافیوں اور کیمرہ مینوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ جیالوں کے تشدد سے متعدد پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ نجی ٹی وی کا ایک کیمرہ مین شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پی پی پی کارکنوں نے پولیس پر بھی پتھراؤ کیا اور وزیراعظم عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی۔ پی پی کارکنوں کے درمیان آپس بھی لڑائی جھگڑا اور مار پیٹ ہوئی۔