لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )ملک بھر میں یوم پاکستان کو جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے ،آج ملک بھر میں یوم پاکستان کی تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں گی،اسلام آباد میں توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا جائے گا ،دوسری طرف 23مارچ کا آغاز ہوتے ہی لاہور ،کراچی ،اسلام آباد اور ملک کے مختلف حصوں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس سے آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا ۔
نجی ٹی وی چینل ’’ایکسپریس نیوز کے مطابق یوم پاکستان کے لیے اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ کی تیاریاں مکمل ہوگئیں۔ سیکیورٹی کے پیش نظر شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ کے اطراف کی سڑکیں بند رہیں گی جبکہ موبائل سروس جزوی طور پر معطل رہنے کا امکان ہے۔ پریڈ میں سری لنکا کے صدر خصوصی شرکت کریں گے۔یوم پاکستان پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ تمام ڈویڑنل اورضلعی ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی تقاریب کے دوران قومی پرچم لہرائے جائیں گے جب کہ تحریک آزادی کے رہنماؤں کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی۔
اسلام آباد میں مسلح افواج کی جانب سے شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بری، بحری اور فضائی افواج، فرنٹیئر کور، ناردرن لائٹ انفنٹری، آزاد کشمیر رجمنٹ اور اسپیشل سروسز گروپ حصہ لیں گے۔ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے شاہین فضائی مظاہرہ کریں گے۔ ملکی ثقافت کی عکاسی کرنے والے فلوٹس بھی پریڈ کا حصہ بنیں گے۔یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ کی تیاریوں کے سلسلے میں بدھ کو فل ڈریس ریہرسل کی گئی، جسے شہریوں کی بڑی تعداد نے دیکھا جب کہ پریڈ کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے جارہے ہیں۔ پریڈ کے دوران اسلام آباد کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند رہے گی۔
پریڈ کے دوران شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ کے اطراف کی سڑکوں کو بھی بند رکھا جائیگا۔ انتظامیہ نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل پلان جاری کردیا۔ مسلح افواج کی پریڈ میں شرکت کرنے والوں کو خصوصی پاسز دیئے گئے ہیں۔ پریڈ کے دوران علاقے میں موبائل فون سروس جزوی معطل رہنے کا امکان ہے۔دوسری طرف رات 12 بجے 23 مارچ کا آغاز ہوتے ہی لاہور میں مینار پاکستان پر اور کراچی میں بھی شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا ۔
source